by Nayyer Abdul Rab
تربیت کے جدید اسلوب تمام والدین اپنے بچوں کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ اولاد کی تربیت کا بنیادی مقصد آج بھی یہی ہے، البتہ نئے زمانے کی مناسبت سے اس کے تقاضے ضرور بدل گئے ہیں۔ دَورِ جدید میں یہ تقاضے کیسے پورے کیے جائیں؟ نئی نسل کیسے پروان چڑھائی جائے کہ اس میں آج کے زمانے کی سمجھ بوجھ اور اپنی اقدار سے محبت، دونوں ہی متوازن طور پر موجود ہوں؟ اور، ان سب سے بڑھ کر، اس راہ میں آنے والے مسائل کیسے حل کیے جائیں؟ یہ اور ان جیسے کئی سوالوں کے جوابات آپ کو زیرِ نظر کتاب میں پڑھنے کو ملیں گے۔ مصنف نے اس کتاب میں بیس گھرانوں کے ایسے واقعات یکجا کردیئے ہیں جو -- ایک کوچ کی حیثیت سے -- ان کے تجربات و مشاہدات کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان واقعات کے ذریعے مصنف نے بچوں کی تربیت اور پرورش (پیرنٹنگ) کے مختلف مسائل کا احاطہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ممکنہ حل کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ یہ کتاب پڑھ کر آپ کو احساس ہوگا کہ پیرنٹنگ کی الجھنیں کتنی سادگی سے سلجھائی جاسکتی ہیں، بشرطیکہ خلوصِ نیت، محبت اور مستقل مزاجی سے کوشش جاری رکھی جائے۔ عجب نہیں کہ کسی قصے میں آپ کو اپنے ہی گھرانے کی جھلک دکھائی دے جائے۔ ہر قصے کے اختتام پر چند تیر بہدف سوالات کے ذریعے قارئین کو خود سے سوچنے کی تحریک بھی دی گئی ہے تاکہ وہ اِن مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور حل کرنے کے قابل بھی ہوسکیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ کتاب نہ صرف بچوں کی پرورش و تربیت میں، بلکہ والدین کے باہمی تعلقات بہتر بنانے میں بھی مفید و معاون ثابت ہوگی -- اِن شاء اللہ۔