by Zeeshan ul Hassan Usmani
گفتگو پبلی کیشنز کے تحت ’’ایک کتاب - مکمل نصاب‘‘ کی چوتھی کتاب پیشِ خدمت ہے، جو تیسری جماعت کے لیے ہے۔ اس سلسلے کی گزشتہ تین کتب بالترتیب پری کے جی/ کے جی، پہلی، اور دوسری جماعتوں کے لیے تھیں جن میں اردو، انگریزی، ریاضی، سائنس، جغرافیہ، اسلامیات اور اخلاقیات کے مضامین شامل تھے۔ زیرِ نظر کتاب میں ان سات مضامین کے علاوہ دو نئے مضامین کا اضافہ بھی کیا گیا ہے: مالیاتی خواندگی (فائنانشیل لٹریسی) اور کمپیوٹر سائنس۔ پچھلی کتابوں میں یہ دونوں مضامین بالترتیب ریاضی اور سائنس کے تحت، ضمنی طور پر شامل کیے گئے تھے۔ تیسری جماعت میں پڑھنے والے بچے کی متوقع عمر 9 سے 10 سال کے درمیان ہوتی ہے اور، کے جی سے دوسری جماعت تک پڑھنے کے بعد، وہ اس قابل ہوچکا ہوتا ہے کہ مالیاتی خواندگی اور کمپیوٹر سائنس جیسے مضامین کو قدرے تفصیل سے، علیحدہ طور پر نہ صرف پڑھ سکے بلکہ انہیں سمجھ بھی سکے۔ مالیاتی خواندگی کے تحت ہم نے ہلکی پھلکی خریداری، بچت، پیسے کی تاریخ اور زرِ مبادلہ جیسے عام موضوعات کا احاطہ کیا ہے۔ تاہم، یہ صرف ابتداء ہے۔ اِن شاء اللہ، اگلی جماعتوں میں مالیاتی خواندگی کے مزید ایسے پہلوؤں کا بھی تفصیلی احاطہ کیا جائے گا جن کا سمجھنا، ایک عام شہری کے لیے، نہ صرف ضروری ہے بلکہ عملی زندگی میں بھی ان کی بہت اہمیت ہے۔ اسی طرح کمپیوٹر سائنس کے سیکشن میں آپ دیکھیں گے کہ ہارڈویئر، سافٹ ویئر، یوزر انٹرفیس، اِن پُٹ کے طریقوں، ورڈ پروسیسر (نوٹ پیڈ) اور گرافک ڈیزائننگ کے پروگرام (ایم ایس پینٹ) کے تعارف اور عملی مشقوں کے علاوہ ’’اسکریچ‘‘ (Scratch) پروگرامنگ لینگویج کے ذریعے، بچوں کو ہلکی پھلکی کوڈنگ کا آغاز بھی کروا دیا گیا ہے۔ کوڈنگ کی مشق آگے چل کر کمپیوٹر پروگرامنگ میں بہت کام آتی ہے۔